فلسطین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی عوامی مزاحمتی کمیٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین کی عوامی مزاحمتی کمیٹیوں کی فوجی شاخ کے ترجمان جمال ابو سمہدانی نے المیادین ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی قوتیں اسرائیل کی جارحیت کا مقابلہ اور غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کو فلسطینی عوام کے خلاف اپنے ظلم و ستم کا تاوان ادا کرنا ہی ہو گا۔ فلسطین کی عوامی مزاحمتی کمیٹیوں کے ترجمان نے کہا کہ ناصر صلاح الدین بریگیڈ کے سیکورٹی اور انٹیلی جنس شعبے نے اسرائیل کے سیکورٹی اور انٹیلی جنس شعبے پر کاری ضرب لگائی ہے۔ واضح رہے کہ فلسطین کی عوامی مزاحمتی کمیٹیوں نے سن دو ہزار سے کہ جب انتفاضہ دوم کا آغاز ہوا تھا، اپنی سرگرمیاں شروع کی ہیں۔
