غزہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک عدالت نے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی قیدیوں پر مشرقی غزہ کی سرحد پرکاغذی جہاز تیار کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے تیار کردہ کاغذی جہازوں نے سرحدکی دوسری طرف زرعی کھیتوں میں آگ لگا دی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فصلیں نذرآتش ہوگئی تھیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 30 مارچ کے بعد فلسطینی شہری مشرقی غزہ میں کاغذی جہازوں سے اسرائیلی تنصیبات صیہونی کالونیوں پر حملے کررہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی عدالت نے یہ جہاز تیار کرنے والے فلسطینیوں کو قصور وارقرار دیا ہے۔عبرانی نیوز ویب سائیٹ ’وللا‘ کے مطابق اسرائیلی عدالت نے غزہ کی پٹی کے دو شہریوں احمد عماوی اور معتز ابو عید کو چند روز قبل غزہ کی سرحد سے حراست میں لیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 28 اپریل کو غزہ کی سرحد پر آتش گیر مواد برادر کاغذی جہاز چھوڑے جنہوں نے غزہ کی دوسری طرف صیہونی کالونیوں میں گندم کی فصل کو آگ لگا دی تھی۔
اسرائیلی پراسیکیوٹر جنرل نے دونوں فلسطینیوں پر 30 کاغذی جہاز تیار کرنے اور انہیں صیہونی کالونیوں پر پھینکنے کا الزام عائد کیا ہے۔