(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پابندیوں اور ناکہ بندی کے شکار فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی میں مخیرحضرات کے تعاون سے ایک بازار کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں اشیائے ضروریہ انتہائی کم قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کے علاقے خان یونس اور رفح کے شہریوں کے لیے قائم خیراتی بازار کا اہتمام ایک فلاحی ادارے’اسناد کمیونٹی‘ کی جانب سے کیا گیا ہے۔تنظیم کی انتظامی کمیٹی کے رکن یحییٰ قدیح نے بتایا کہ انہوں نے غزہ کی پٹی میں محتاجوں اور ضرورت مندوں کے لیے سستے بازار کا اہتمام کیا ہے۔ اس بازار میں اشیائے ضروریہ انتہائی کم قیمت پر فراہم کی جاتی ہیں۔
القدیح کا کہنا تھا کہ یہ بازار ہفتے میں تین دن صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران کوئی بھی غریب شہری اپنی ضرورت کی اشیائے خوردو نوش حاصل کرنے کے لیے اس بازار سے چیزیں خرید سکتا ہے، جو عام مارکیٹ سے کئی گنا سستی دستیاب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں سستے رمضان بازار کے لیے جنوبی افریقا کی تنظیم ’’وقف الواقفین‘‘ کی جانب سے 30 ہزار ڈالر کی رقم فراہم کی گئی ہے جس کی مدد سے رفح ، خان یونس اور دوسرے علاقوں کے 6 سو غریب گھرانوں کو انتہائی معمولی قیمت پر اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ غزہ کی پٹی میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا بازار ہے۔