الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جنوبی قصبے دورا کی وادی الشاجنہ کالونی کے داخلی راستے پر ایک نیا کنٹرول ٹاور قائم کیا ہے جس کا مقصد فلسطینی شہریوں کی آمد ورفت پر نظر رکھنا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے ایک مقامی فلسطینی شہری ابو شیخہ ابو عرقوب کی اراضی پر بھاری مشینری کے ذریعے کھدائی کی تھی جس کے بعد وہاں پر ایک نیا کنٹرول ٹاور قائم کیا گیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس کنٹرول ٹاور کے قیام کا مقصد مقامی صہیونی آباد کاروں کو تحفظ فراہم کرنا اور فلسطینی شہریوں کی آمد ورفت میں مشکلات پیدا کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کنٹرول ٹاور ایک دونم اراضی پرتعمیر کیا گیا ہے۔ صیہونی فوج نے کچھ عرصہ پیشتر ابو عرقوب کی زمین پرقبضہ کرنے کے بعد اسے فوجی مقاصد کے لیے استعمال میں لانے کا اعلان کیا تھا۔
