مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں عید کے روز بھی صہیونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینویں کے گھروں پر چھاپوں اور شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔بیت المقدس سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے سلوان ٹاؤن میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور گھروں میں تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی، نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے اور گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کو ہرساں کیا گیا۔
سلوان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے عید کے روز گھر گھر تلاشی کے دوران حمد ابو صبیح، ناجی محمود عودہ، محمد خالد عودہ، محمد جبر عباسی اور احمد عبدالمنعم الاعور کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن میں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کو ہاتھ پاؤں باندھ کر اور ان کی آنکھوں پر پٹیاں چڑھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی طرف سے گھر گھر تلاشی کی مہم عام دنوں کے ساتھ ساتھ عید کے ایام میں بھی جاری رہتی ہے۔