(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں صدر محمود عباس کے زیرکمانڈ سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ان دنوں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی پکڑ دھکڑ کی ظالمانہ مہم جاری ہے، جس کے تحت متعدد صحافیوں کو حراست میں لینے کے بعد انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ اس سلسلے کی تازہ کڑی شھاب خبر رساں ایجنسی کے نامہ نگار عامر ابو عرفہ کی گرفتاری کا واقعہ ہے جس پر فلسطین کے عوامی، سیاسی اور ابلاغی حلقوں کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عباس ملیشیا نے عامر ابو عرفہ کو پرانے نابلس شہر میں مناظر کی تصویر کشی کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے صحافی ابوعرفہ کا تعاقب کیا اور اسے پرانے نابلس شہر سے حراست میں لینے کے ساتھ اس کا کیمرہ ، موبائل فون اور دیگر سامان ضبط کر لیا اور اسے جنید جیل پہنچا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عباس ملیشیا نے عامر ابو عرفہ کو رہا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر اس کے باوجود وہ تا حال جیل میں بند ہیں۔
صحافی ابو عرفہ مغربی کنارے میں ’شہاب‘ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار ہیں۔ وہ ماضی میں بھی فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں۔