مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسجد اقصیٰ کے خطیب نے کل جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب میں عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کریں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی عالم دین الشیخ محمد سلیم نے کہا کہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ تاریخ کے خطرناک دور سے گذر رہے ہیں۔ ان کے دفاع کے لیے عالم اسلام اور عرب دنیا کی طرف سے انہیں اولین ترجیح میں شامل کرناہوگا۔انہوں نے عالم اسلام میں پائے جانے والے اختلافات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانوں پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ دشمنوں کو کس نے مسلمانوں کے کشت وخون کا حق دیاÂ ہے۔ عالم اسلام کے امور میں کفار کی مداخلت پر مسلم امہ کیوں خاموش ہے۔ ہماری مساجد کو کیوں جلایا جا رہا ہے۔ مسلمان ملکوں پر غیر کیوں قابض ہیں۔ فلسطین پر صیہونی ریاست کا ناجائز قبضہ کب تک رہے گا۔ کیا صیہونی ریاست ہمارے بچوں، بوڑھوں، جوانوں، مردوں اور عورتوں کو اسی طرح شہید کرتے رہیں گے اور ہمارے مقدس مقامات کی اسی طرح بے حرمتی کریں گے۔ یہ وہی لوگ نہیں گمراہی پرمبنی اپنے فلسفے اور باطل عقائد کو مسلمانوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔
