(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مقبوضہ فلسطین میں صیہونیت مخالف تازہ کارروائیوں میں اسرائیلی فوج کے دو کمانڈر زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک فلسطینی نوجوان نے ہفتے کی صبح مغربی کنارے کے علاقے بیت اللحم میں اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں کم سے کم ایک اسرائیلی فوجی افسر زخمی ہوگیا۔ اس کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے مذکورہ گاڑی پر فائرنگ بھی کی تاہم فلسطینی نوجوان بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا ۔کہا جارہا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں پیش آنے والے ایسے ہی واقعے میں ایک اور صیہونی فوجی افسر شدید زخمی ہوگیا ہے۔اسرائیلی حکام نے دعوی کیا ہے کہ ایک فلسطینی نے اسرائیلی چیک پوسٹ کے قریب کھڑے فوجیوں پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں یہ فوجی افسر زخمی ہوا تاہم اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ یہ فوجی افسر ایک جھڑپ کے دوران زخمی ہوا ہے۔
مسجد الاقصی پر صیہونی آباد کاروں کے حملوں اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی کے خلاف مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اکتوبر دو ہزار پندرہ سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جسےتحریک انتفاضہ قدس کا نام دیا گیا ہے۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بربریت کے خلاف یہ تیسری تحریک انتفاضہ ہے جس کےدوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں دوسو سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف فلسطینیوں کے جوابی حملوں میں کم سے کم پینتیس صیہونی ہلاک ہوئے ہیں۔