فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے بدھ کی شام ایک بیان میں بتایا کہ بیت المقدس میں باب العامود کے مقام پر ایک فلسطینی نوجوان نے ملٹری پولیس کے دو اہلکاروں پر چاقو سے پے درپے وار کیے جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق صیہونی فوجیوں نے کم سے کم دس گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں مذکورہ فلسطینی نوجوان موقع پر ہی شہید ہو گیا۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق شہید فلسطینی نوجوان کا تعلق مغرب کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے اور اس کی عمر اکیس سال ہے۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کے بعد علاقہ سیل کردیا تھا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس میں شاہراہ الواد پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی فلسطینی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔