طولکرم (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے طولکرم میں ایئرکینڈیشنر تیار کرنے والی ایک کمپنی کے کارخانے پر دھاوا بولا اور فیکٹری میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کے بعد متعدد آلات اور مشنیں قبضے میں لے لیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کارخانے کے مالک اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے سربراہ نے کہا کہ صیہونی فوج کی بھاری تعداد نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چار بجے فیکٹری پر دھاوا بولا اور فیکٹری کے گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئی۔ صیہونی فوج نے فیکٹری کے کمپیوٹر سیکشن میں موجود کمپیوٹر ڈیٹا چوری کرلیا۔ اس دوران قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی اور متعدد مشینیں اور دیگرآلات بھی قبضے میں لے لیے۔خیال رہے کہ طولکرم میں اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی کا نشانہ بننے والی فیکٹری فلسطین میں ایئرکنڈیشنر اور دیگر الیکٹرانک تیار کرنے والی چوتھی بڑی فیکٹری ہے۔
فیکٹری کے سیکیورٹی امور کے نگران نے فون پر میڈیا کو بتایا کہ صیہونی فوج کی بھاری نفری نے اتوار کے روز علی الصباح فیکٹری پر دھاوا بولا اور فیکٹری کے تمام سیکشن کی تلاشی کی آڑ میں توڑپھوڑ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی جارحیت کے وقت فیکٹری میں 45 ملازمین موجود تھے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے کارروائی کے بعد فیکٹری کو بند کر دیا گیا ہے۔
