مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے جنوبی فلسطین میں قائم جزیرہ نما النقب کی جیل سے رہائی پانے والے ایک فلسطینی نوجوان کو رہائی کے فوری بعد گرفتار کرلیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسیران کے اہل خانہ کی ذمہ دار کمیٹی نے بتایا ہے کہ 48 سالہ موسیٰ حمادہ کو النقب جیل سے ساڑھے سات سال کے بعد گذشتہ روز رہا کیا۔ رہائی کے فوری بعد اسے دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حمادہ کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس سے ہے۔انسانی حقوق اور اسیران کمیٹی کے مطابق حمادہ کو گرفتار کرکے المسکوبیہ جیل منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے آئندہ جمعہ تک حراست میں رکھنے اور مزید پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حمادہ کو اسرائیلی پولیس نے 23 اکتوبر 2010ء کو حراست میں لیا تھا۔ اس پر حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ساتھ وابستگی الزام عائد کیا گیا تھا۔