الخلیل (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے ایک نوجوان خاتون صحافی اور قلم کار کو حراست میں لے لیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کو الخلیل کے نواحی علاقے صوریف میں تلاشی کی کارروائی کے دران صحافیہ اسراء خضر لافی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔مقامی فلسطینی ذرائع نےبتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے اسراء لافی کے گھر کا محاصرہ کیا۔ بعد ازاں صیہونی فوجی گھر کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے اسراء کے گھر میں داخل ہوئے۔ گھر میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے بعد لافی کو حراست میں لے لیا۔ صیہونی فوج نے اس کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔
خیال رہے کہ اسراء خضر لافی مقامی صحافیہ ہیں جو کئی سال سے ریڈیو اور دیگر نشریاتی اداروں کے ساتھ وابستہ ہیں۔اس کے والد الشیخ خضر لافی ایک عالم دین ہیں اور وہ متعدد بار فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں بھی قید رہ چکے ہیں۔