رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی زندانوں میں قید دو فلسطینیوں کی انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 60 سالہ اسیر عمران الخطیب اور اسلامی جہاد کے رہنما اور خضر عدنان بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کلب برائے اسیران کے مطابق عمران الخطیب کو 45 سال قید کی سزا کا سامنا ہے جس میں سے وہ 21 سال قید کاٹ چکے ہیں۔انسانی حقوق گروپ کا کہنا ہے کہ اسیر الخطیب کو صیہونی زندانوں میں ایک سے دوسرے کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں انہیں بھوک ہڑتال کی وجہ سے حالت خراب ہونے پر ‘برزلائی’ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اسیرعدنان 32 روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہیں اسرائیلی فوج نے 11 دسمبر 2017ء کو حراست میں لینے کے بعد انتظامی قید میں ڈال دیا تھا۔ حال ہی میں انہیں قید تنہائی میں ڈالا گیا ہے اور انہیں ان کے وکیل اور دیگر عزیزو اقارب سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ سنہ 2012ء کے بعد اسیر خضر عدنان کی یہ تیسری بھوک ہڑتال ہے۔ انہوں نے سنہ 2015ء میں بھی انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال کی تھی۔