(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل نے اپنی توسیع پسندانہ پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بیت المقدس شہر میں ایک بار پھر انہدامی کارروائیاں انجام دی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات پر عالمی تنقید کے باوجود صیہونی فوجیوں نے بدھ کی صبح بیت المقدس شہر میں تین فلسطینیوں کے مکانات کو منہدم کر دیا ہے۔صیہونی حکومت، فلسطینوں کے گھروں کو غیر قانونی قرار دے کر منہدم کرتی چلی آ رہی ہے جس کا مقصد مقبوضہ علاقوں میں آبادی کا ڈھانچہ صیہونیوں کے حق میں تبدیل کرنا ہے۔
اسرائیل ، فلسطینیوں کے خلاف انہدامی کارروائیوں کے ذریعے فلسطینیوں پر دباؤ ڈال کر انہیں تحریک انتفاضہ قدس کو روکنے پر مجبور کرنے کی بھی ناکام کوشش کررہا ہے۔
صیہونی حکومت نے تحریک انتفاضہ کے آغاز کے بعد سے فلسطینی شہیدوں کی لاشیں ضبط کرنے نیز شہید اور زخمی ہونے والوں کے گھروں کو منہدم کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
صیہونی حکومت یکم اکتوبر دوہزار پندرہ سے جاری تحریک انتفاضہ کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے درجنوں فلسطینیوں کے گھر منہدم کرچکی ہے۔