مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں صیہونی آباد کاروں کے دھاوے اور مقدس مقام کی مجرمانہ بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ کل منگل کو درجنوں صیہونی آباد کار اور اسرائیلی فوجی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور قبلہ اوّل میں گھس کرنام نہاد مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے حکام نے بتایا ہے کہ منگل کو درجنوں صیہونی آباد کار قبلہ اوّل میں داخل ہوئےÂ اور عبادت کی آڑ میں قبلہ اوّل کی بے حرمتی کی۔ شام کے اوقات میں بھی 23 صیہونی آباد کار اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور گھنٹوں وہاں پر گھومتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق مسجد اقصیٰ کے دروازوں کے باہر تعینات کی گئی اسرائیلی پولیس نے فلسطینی نمازیوں کے ساتھ بدسلوکی کی اور ان کی شناخت پریڈ کے ساتھ انہیں قبلہ اوّل میں عبادت کے لیے داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کرتے رہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے روکنے پر فلسطینی مشتعل ہوگئے۔