(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے متصل وادی اردن میں صہیونی فوج کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری فوجی مشقیں مقامی آبادی کے لیے ایک نیا عذاب بن گئی ہیں کیونکہ مقامی فلسطینیوں کو جنگی مشقوں کی وجہ سے اپنے گھروں کے اندر محصور رہنا پڑتا ہے اور وہ کام کاج اور کھیتی باڑی سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وادی اردن کے ایک مقامی فلسطینی عہدیدار معتز بشارات نے بتایا کہ شمالی وادی اردن میں راس الاحمر کا علاقہ صہیونی فوج کی مشقوں کا مرکز بن چکا ہے جہاں فلسطینی شہریوں کو سنگین نوعیت کی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے راس الاحمر کے 12 فلسطینی خاندانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 30 جولائی سے 2 جون تک اپنے گھر بار خالی کر دیں کیونکہ اس علاقے میں صہیونی فوج جنگی مشقیں کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ وادی اردن صہیونی فوج کی جنگی مشقوں کا اکھاڑا سمجھا جاتا ہے جہاں آئے روز قابض فوج کے دستے کسی نا کسی طرح کی مشقیں کررہے ہوتے ہیں۔