(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس کے شمالی قصبے قلندیا اور ابو دیس میں صہیونی فوجیوں نے گذشتہ شب فلسطینی شہریوں کے مکانات کی مسماری کی کارروائی کا آغاز کیا تو فلسطینی شہری اس پر احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ اس دوران صہیونی فوجیوں نےنہتے مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ مظاہرین پر لاٹھی چارج، آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ براہ راست گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں 37 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ قابض فوج نے غیرقانونی انہدامی کارروائیوں کے نتیجے میں کم سے کم 11 مکانات کو بھی مسمار کردیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد مکان کی چھت سے محروم ہوگئے ہیں۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوجیوں نے رات گئے چھ بلڈورزوں کی مدد سے ایک ہفتہ قبل بندوق کی نوک پرخالی کرائے گئے مکانات کی مسماری کا آپریشن شروع کیا تو فلسطینی شہری اس پر مشتعل ہوگئے اور نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔
اسرائیلی فورسز نے نہ صرف فلسطینی شہریوں کے گیارہ مکانات مسمار کردیے بلکہ احتجاج کرنے والے درجنوں فلسطینیوں کو بھی وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں زخمیوں سے القدس کے اسپتال بھر گئے ہیں۔ ان میں سے چار کو براہ راست گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
مقامی شہری محمد الجوری کا کہنا ہے کہ قلندیا اور ابو دیس میں صہیونی فوج نے مکانات مسماری کی کارروائی رات کو شروع کی تھی۔ فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں رات بھر جاری رہیں۔ صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے مکانات غیرقانونی قرار دے کر انہیں مسمار کرنا شروع کیا اور کم سے کم گیارہ مکانات کو مسمار کردیا گیا ہے۔
فلسطینی طبی ادارے ہلال احمر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ بدبودار پانی کا چھڑکاؤ کیا۔ لاٹھی چارج کیا اور براہ راست گولیاں بھی ماریں جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آنسوگیس کے شیل لگنے سے زخمی ہونے والے بعض افراد کو موقع پر طبی امداد مہیا کی گئی ہے۔