(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے یطا قصبے کا محاصرہ مزید سخت کردیا ہے اور قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کردیےہیں جس کے نتیجے میں سوا لاکھ آبادی کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یطا قصبے کا محاصرہ گذشتہ بدھ 8 جون سے جاری ہے۔ قصبے کا محاصرہ اس وقت کیا گیا تھا جب اس وہاں کے رہنے والے دو فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں وزارت دفاع کے قریب ایک کارروائی میں فائرنگ کرکے چار صہیونی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے یطا کا محاصرہ کرلیا تھا۔ دو روز قبل حملہ آوروں کے مکانات بھی مسمار کردیے گئے ہیں۔
آج سوموار کو اسرائیلی فوج کی تازہ دم نفری نے یطا کا محاصرہ مزید سخت کردیا۔ قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے اور شہریوں کی آمد ورفت بند کردی گئی ہے۔
ہمارے نامہ نگار کے مطابق قابض فوجیوں نے یطا کے شمال کی جانب اور دیگر اطراف میں ملنے والے تمام دوسرے قصبات میں آمد ورفت بند کردی ہے۔ قصبے کے جنوبی راستوں اور الخلیل شہرکو باہم ملانے والے مقامات پر بھی اسرائیلی فوج کی بھاری نفری تعینات ہے جس نے مقامی فلسطینی آبادی کی نقل وحرکت بند کردی ہے۔