(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے جیل میں قید ایک فلسطینی شہری کے بیٹے کو بھی حراست میں لینے کے بعد پابند سلاسل کر دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 19 سالہ معتصم سویطی کو دریائے اردن کے مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے بیت عوا قصبے سے حراست میں لیا گیا۔ معتصم کے والد محمود سویطی سنہ 2007ء میں گرفتار کیے گئے تھے۔ انہیں ساڑھے بائیس سال قید کی سزا کا سامنا ہے۔اسیر معتصم کی والدہ نے کلب برائے اسیران کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے اس کے بیٹے کو ون پرایک سیکیورٹی مرکز میں طلب کیا تھا۔ وہ سیکیورٹی مرکز میں پیش نہیں ہوا جس پر قابض فورسز نے گھر پر چھاپہ مار کر اسے حراست میں لے لیا۔
خیال رہے کہ معتصم سویطی انجینیرنگ کا طالب علم ہے۔ پچھلے اڑھائی سال سے اسے اپنے اسیر والد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جس پر اس نے احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔ اپریل میں اسیر محمود سویطی بھی بھوک ہڑتال کر چکے ہیں۔
