فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو علی الصباح صہیونی فورسز نے بیت المقدس میں جمع مکبر کے مقام پر 37 سالہ فلسطینی سابق اسیر سفیان عبدہ کے گھر پر چھاپہ مارا۔ گرفتاری کے بعد اسے مسکوبیہ پولیس سینٹر منتقل کردیا گیاتھا۔ بعد ازاں اسے کسی اور مقام پر لے جایا گیا ہے۔
صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ سفیان عبدہ کو جلد ہی بیت المقدس میں مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس پر سوشل میڈیا کے ذریعے اسرائیل کے خلاف اشتعال پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایک دوسری چھاپہ مار کارروائی کے دوران جبل مکبر سے ایک اور فلسطینی نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا۔
خیال رہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینی شہری سفیان عبدہ کو 14 سال جیل میں رکھنے کے بعد چند روز قبل رہا کیا تھا۔ عبدہ کو سنہ 2002ء میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ سے تعلق کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور اسے چودہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق سفیان عبدہ اور دوسرے شہری کی گرفتاری کے وقت فلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
