مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں صہیونی شرپسندوں نے ایک فلسطینی ڈرائیور کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی آباد کاروں نے جنوبی بیت المقدس میں بیت صفافا کے مقام پر 42 سالہ فادی عابد کی گاڑی صہیونی شرپسندوں نے روکی اور اسے گاڑی سے نیچے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا۔زخمی ڈرائیور نے بتایا کہ صہیونی آباد کاروں نے اسے گاڑی واپس موڑنے اور انہیں ایک صہیونی کالونی تک لے جانے کا مطالبہ کیا۔ اس نے صہیونیوں کو لفٹ دینے سے انکار کردیا۔ جس پر صہیونی اشرار نے اسے لاتوں اور گھونسوں کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا۔
عابد نے بتایا کہ ایک دوسرے ڈرائیور نے اسے بچانے کی کوشش کی۔ اس دوران اسرائیلی پولیس نے موقع پر پہنچ کر صہیونیوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ ایک صہیونی شرپسند کو گرفتار کیا گیا جب کہ ایک صہیونی فرار ہوگیا۔
