نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام فورسز کے مبینہ تشدد اور زہر دیے جانے سے فلسطینی شہری کی ہلاکت پر رام اللہ اتھارٹی کے خلاف عوام میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی زیرحراست حمد ابو حمادہ المعروف الزعبور کے نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین سخت مشتعل تھےاور انہوں نے فلسطینی اتھارٹی مردہ باد کے نعرے لگائے۔نابلس شہر کے بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد فلسطینی نوجوان کو سپرد خاک کردیا گیا۔ شہریوں نے جنازے کے جلوس کے دوران فلسطینی اتھارٹی کو الزعبور کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے جیلروں نے کئی روز تک الزعبور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے بعد اسے زہر دیا گیا ۔ حالت بگڑنے پراسپتال منتقل کیا گیا اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ نوجوان عارضہ قلب کے باعث جاں بحق ہوا ہے۔