(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے صہیونی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں فلسطینی اراضی ہتھیانے کے ایک نئے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رام اللہ کے نواحی علاقے ’’بیتین‘‘ میں بیت ایل یہودی کالونی کے قریب بائی پاس روڈ پر واقع اراضی کو سیکیورٹی ضروریات کے لیے قبضے میں لیا جا رہا ہے۔فلسطینی شہریوں میں تقسیم کیے گئے نوٹس میں کہا گیاہے کہ فوج نے وزارت دفاع کی منظوری کے بعد ’’بیتین‘‘ کی اراضی پر قبضے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہاں پر نیا سیکیورٹی مرکز قائم کیا جائے اور اس علاقے میں فلسطینیوں کو مزاحمتی اور دشمنانہ سرگرمیوں سے روکا جا سکے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے جن فلسطینیوں کی اراضی پرقبضے کا منصوبہ بنایا گیا ہے وہ رام اللہ میں قائم رابطہ سینٹر سے رجوع کر کے اس کے معاوضے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔