حیفا ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غاصب اسرائیلی فوجیوں نے مسلسل چھٹے روز مقبوضہ فلسطین کے علاقے حیفا میں پُرامن فلسطینی مظاہرین پر حملے کیے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے حیفا میں غزہ کے مکینوں کی حمایت میں مظاہرہ کرنے والے فلسطینی مظاہرین پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ درجنوں دیگر کو گرفتار کر لیا گیا۔بعد ازاں انیس سو اڑتالیس کے علاقوں کے معاملات کی نگرانی کرنے والی اعلی کمیٹی کے ارکان نے اسرائیلی پولیس اسٹیشن کے باہر مظاہرہ کر کے فلسطینیوں کی ظالمانہ گرفتاریوں کی مذمت کی۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجی گرفتار شدہ فلسطینیوں کو شکنجے دے رہے ہیں اور کئی ایک فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کرنا پڑا ہے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے ایک بیان جاری کر کے حیفا کے فلسطینی مظاہرین کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور سینچری ڈیل کو ناکام بنانے کے لیے فلسطینیوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔