(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے ایک سینیئر فوجی کمانڈر نے فلسطینی تحریک حماس کی فوجی طاقت کا اعتراف کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج کے ایک سینیئر کمانڈر روم روتبرگ نے اسرائیلی اخبار یدیعوت آہارنوت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے غزہ کی پچاس روزہ جنگ میں اپنی فوجی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔مذکورہ اسرائیلی فوجی کمانڈر نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اسرائیل کے فوجی کمانڈروں اور خفیہ اداروں کی منصوبہ بندی کے باوجود حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوج کو غزہ کے شمال میں داخل نہیں ہونے دیا۔ اسرائیلی فوجی کمانڈر روتبرگ نے اعتراف کیا کہ غزہ کی پچاس روزہ جنگ میں اسرائیلی بحریہ کے متعدد کمانڈوز زخمی ہوگئے تھے اور اسرائیلی فوجی آدھے گھنٹے تک حماس کے ساتھ دوبدو جنگ کرنے کے بعد کچھ حاصل کئے بغیر پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے اور ان کی یہ کارروائی شکست سے دوچار ہوگئی۔
اسرائیل کی مستقبل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرخزانہ یائیر لاپید نے بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ اسرائیل پچاس روزہ جنگ میں فلسطینی گروہوں کو نابود یا کمزور کرنے جیسے اپنے کسی بھی مقصد کے حصول میں کامیاب نہیں ہوسکا بنیامین نتن یاہو نے کہا کہ وہ پچاس روزہ جنگ میں اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ غزہ کی پچاس روزہ جنگ کے بعد صیہونی فوج کئی بار اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرچکی ہے۔
