(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف برسرپیکار فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے لبنانی حکومت سے فلسطینی شہریوں کے خلاف نئے اور ظالمانہ قوانین کے نفاذ کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
اسماعیل ھنیہ کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنانی وزارت محنت نے یہ فیصلہ کر کے فلسطینی قوم کو انتہائی مایوس کیا ہے اور اس فیصلے سے ہزاروں کی تعداد میں لبنان میں موجود فلسطینی مہاجرین متاثر ہوں گے۔
بیان کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے لبنانی صدر میشل عون ،وزیراعظم سعد الحریری اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کو خطوط بھیجے ہیں جن میںلبنانی قیادت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے خلاف ایسا کوئی اقدام نہ کریں جس کے نتیجےمیں ان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنانی وزارت لیبرکا فیصلہ افسوس ناک ہے۔ فلسطینیوں کو ان کے کام کاج سے روکنا قانونی کارروائی کی آڑ میں فلسطینیوں کو کاروباری سرگرمیوں سے روکنا افسوسناک ہے۔ اس کےنتیجے میں معاشی مشکلات سے دوچار فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
