مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ریاست کے داخلی سلامتی کے ذمہ دارجنرل انٹیلی جنس ادارے’شاباک‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ سے وابستہ ایک خفیہ سیل کو پکڑا ہے جو اسرائیلی فوج اور صہیونی آباد کاروں پر فدائی حملوں میں سرگرم رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ریڈیو نے ’شاباک‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان نشر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران مغربی کنارے کے شہروں سے حماس سے وابستہ متعدد گروپوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار فلسطینی مزاحمت کاروں میں ’بدو‘ فلسطینی قصبے کے فلسطینی باشندے بھی شامل ہیں۔صہیونی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حراست میں لیے گئے مشتبہ مزاحمت کار ’ھار ادار‘ اور مغربی بیت المقدس میں ’ معالیہ ھحامشیا‘ صہیونی کالونیوں میں بم نصب Â کرنے اور صہیونی آباد کاروں پر سنگ باری سمیت دیگر مزاحمتی کارروائیوں کی منصوبہ میں سرگرم رہے ہیں۔
گرفتار کیے گئے فلسطینی مزاحمت کاروں میں دو سال قبل ھار ادار صہیونی کالونی میں فائرنگ میں ملوث فلسطینی بھی شامل ہیں۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق جنوبی نابلس کے جماعین قصبے سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ محمد عازی اور نور الدین جیت فائرنگ اور بم نصب کرنے کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔