رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مقبوضہ فلسطین میں قائم صحرائی جیل النفحہ میں ایک فلسطینی قیدی نے اسرائیلی فوجی کی پٹائی کردی۔ یہ ایک ہفتے میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک فلسطینی اسیر نے نفحہ حراستی مرکز میں اسرائیلی فوجی افسر پرحملہ کردیا۔ عبرانی میڈیا کے مطابق فلسطینی اسیر نے ریمون جیل سے نفحہ حراستی عقوبت خانے منتقل کرنے کے خلاف بہ طور احتجاج صیہونی فوجی کی پٹائی کی۔عبرانی ویب سائیٹ کے مطابق اسیر فلسطینی کو واقعے کے بعد قید تنہائی میں ڈال دیا گیا ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے فلسطینی اسیرکی شناخت نہیں بتائی تاہم انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی افسر کی پٹائی کرنے والے اسیر کا نام وائل النتشہ ہے۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کمانڈو یونٹ ’نحشون‘ کے جلادوں نے اسیر وایل النتشہ پر وحشیانہ تشدد کیا اور اسے 70 دوسرے فلسطینی اسیران کے ہمراہ نہایت توہین آمیز اور ظالمانہ انداز میں ریمون جیل سے نفحہ نامی حراستی مرکز منتقل کردیا۔
النتشہ کا تعلق الخلیل شہر سے ہے اور وہ عمر قید کے تحت پابند سلاسل ہے۔ وہ مسلسل 20 سال سے اسرائیلی زندان میں پابند سلاسل ہے۔
