جنین (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں یعبد کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فلسطینی میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل کے دیر سامت کے علاقے سے بتایا جاتا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 53 سالہ عزالدین الحروب اور اس کی اہلیہ 35 سالہ امل کو نامعلوم افراد نے نماز فجر کے وقت فائرنگ کرکے قتل کردیا۔رپورٹ کے مطابق مقتولین کے دو بچے گھر پرموجود تھے، انہیں کوئی تکلیف نہیں پہنچی اور وہ محفوظ رہے ہیں۔ فلسطینی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہرے قتل کے اس سنگین جرم میں صیہونی آباد کاروں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔