مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بیت المقدس میں فلسطینی قبرستان کمیٹی کے چیئرمین نے صیہونی حکام کی جانب سے تاریخی اسلامی قبرستانوں کو یہودیانے کی شدید مذمت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قبرستانوں کی بہبود کرنے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین انجینیر مصطفیٰ ابو زھرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکام کی جانب سے توسیع پسندانہ عزائم میں بیت المقدس کے تاریخی قبرستان بھی محفوظ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی انتظامیہ نے حال ہی میں مسجد اقصیٰ سے متصل تاریخی قبرستان ’باب الرحمہ‘ پر دھاوا بولاÂ اور کئی قبروں کی بے حرمتی کی۔
اسرائیلی فوج نے حال ہی میں فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں تاریخی قبرستان کی بے حرمتی کی اور کئی قبروں کو سوراخ کرڈالے۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کی بڑی تعداد نے سوموار کے روز بیت المقدس میں المجاھدین قبرستان پر دھاوا بولا اور وہاں پر موجود شہداء کی قبروں کی بے حرمتی کی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ صیہونی فوج کی بھاری نفری نے باب الساھرہ کے قریب واقع قبرستان پر دھاوا بولا۔ اسرائیلی فوج نے قبرستان کا جنگلا اور اس کے داخلی راستے پر لگا گیٹ توڑ دیا اور کئی قبروں پر لگے کتبے بھی اکھاڑ پھینکے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شہید فلسطینی شہریوں عبدالملک ابو خروب، ثائر ابو غزالہ، بھاء علیان، محمد ابو خلف، عبدالمحسن ھسونہ اور جمال الکتالونی کی قبروں کی بے حرمتی کی۔
قبل ازیں اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری نےالمجاھدین قبرستان کی بے حرمتی کی اور قبرستان میں لگی شہداء کی تصاویر اکھاڑ پھینکیں۔
خیال رہے کہ بیت المقدس میں فلسطینی قبرستان پر اسرائیلی فوج کی یلغار کا یہ پہلا موقع نہیں۔ اسرائیلی فوج آئے روز القدس میں فلسطینیوں کے تاریخی قبرستانوں اور مقدس ہستیوں کی قبروں کی بے حرمتی کی مرتکب ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ الرحمہ قبرستان بیت المقدس کے ان تاریخی قبرستانوں میں سے ایک ہے جس میں کئی جلیل القدر صحابہ کرام اور بزرگان دین آسودہ خاک ہیں۔ مامن اللہ ، شہداء اور المجاھدین قبرستانوں کی طرح یہ قبرستان بھی اسرائیلی حکام کی جانب سے مسلسل یہودیت کی زد میں ہے۔
