مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس میں العیساویہ کے علاقے پر حملہ کر دیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غاصب اسرائیلی حکومت کے فوجی بیت المقدس کے علاقے العیساویہ میں فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے علاقے خان یونس میں بھی فلسطینیوں پر فائرنگ کی۔ اسرائیلی فوجیوں نے اتوار اور پیر کے روز بھی غرب اردن کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے کئی فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا تھا جن میں صیہونی آباد کاری اورحائل دیوار کی مخالفت میں قائم مزاحمتی کمیٹی کے قانونی امور کے انچارج عایدمرار بھی شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق غاصب اسرائیلی حکومت کی جیلوں میں اس وقت بھی کم از کم ساڑھے چھے ہزار فلسطینی شہری قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں جن میں تین سو بچّے بھی شامل ہیں۔