مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک اسرائیلی پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس میں سلوان کے مقام پر فلسطینیوں کی سنگ باری سے ایک اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان تصادم دیر تک جاری رہا۔ اس دوران مشتعل فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی فوج اور پولیس پر سنگ باری کی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کےدرمیان کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب صہیونی فوج نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ تلاشی کی آڑ میں گھروں میں چھاپے مار کر خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔ اس پر فلسطینی شہری احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی فوج کے خلاف نعرے بازے کے ساتھ اس پر سنگ باری بھی کی۔
فلسطینیوں کے پتھراؤ سے ایک اسرائیلی پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے جب کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمی فلسطینی شہری کی شناخت ریاض ابو تایہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 44 سال بتائی جاتی ہے۔
اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج اور اشک آور گیس کی شیلنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد دم گھٹنے سے زخمی ہوئے ہیں۔