مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی تنظیم”عطریت کوھنیم” نامی یہ شدت پسند تنظیم مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی توسیع پسندی میں پیش پیش رہی ہے۔ اس نے ماضی میں بھی بیت المقدس اور دوسرے علاقوں میں املاک خرید کر انہیں یہودی توسیع پسندی کے لیے وقف کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شدت پسند تنظیم کی جانب سے خرید کردہ عمارت بیت المقدس کے اہم تجارتی مرکز اور مصروف شاہراہ صلاح الدین پر تعمیر کی گئی ہے۔ یہودی تنظیم اس عمارت کو ایک مذہبی اسکول کے لیے استعمال میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اسرائیلی اخبار”ہارٹز” کی رپورٹ کے مطابق "عطریت کوھنیم” نامی شدت پسند تنظیم کئی سال سے قدیم بیت المقدس میں عرب شہریوں کی املاک خرید کر انہیں یہودیوں کو فراہم کرنے میں سرگرم رہی ہے۔ مشرقی بیت المقدس میں اس تنظیم کی خرید کر یہودیوں کو دی گئی کئی عمارتیں موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈینیل لوریا کی جانب سے تنظیم کے دیگر تمام ارکان کو ایک ای میل ارسال کی گئی ہے جس میں انہیں بتایا گیا ہے کہ قدیم بیت المقدس میں شدت پسند تنظیم کی جانب سے باب العامود اور باب الساھر کے درمیان ایک اہم تجارتی مرکز میں ایک مکان خرید کیا ہے، جس میں ایک مذہبی مدرسہ قائم کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق”عطریت کوھنیم” نامی تنظیم سنہ 1978ءکو قائم کی گئی تھی۔ یہ تنظیم سنہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے فلسطینی شہروں میں یہودی توسیع پسندی میں سرگرم عمل رہی ہے۔ اس تنظیم کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں مذہبی مدارس کا قیام ترجیح رہا ہے۔
