اطلاعات کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے الخلیل شہر میں صیہونی بستی کریات اربع کے نزدیک اتوار کے روز ایک فلسطینی عورت کو گولی مارکر شہید کردیا۔ صیہونی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ یہ فلسطینی عورت صیہونیوں پر چاقو سے حملہ کرنا چاہتی تھی۔
ادھر انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے مسجدالاقصی کی بے حرمتی پر مبنی اپنے اقدامات جاری رکھتے ہوئے اس مقدس مقام پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے اتوار کی صبح شدت پسند اسرائیلی گروہوں کے کہنے پر یہودی تہوار "حنوکہ” کے بہانے مسجدالاقصی پر حملہ کیا اور ان کو صہیونی حکومت کی پولیس کی مدد حاصل تھی۔ مسجدالاقصی کے محافظین اور نمازیوں نے صیہونیوں کی جارحیت کا مقابلہ کیا اور اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔شدت پسند اسرائیلی گروہوں نے یہودی تہوار "حنوکہ” اور نئے عبری سال کے آغاز کی مناسبت سے صیہونیوں کو اتوار کے روز مسجدالاقصی پر حملہ کرنے کی دعوت دی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی انتفاضہ قدس میں اب تک ایک سو اکیس فلسطینی صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہوچکے ہیں۔