نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیلوں میں قید ہزاروں فلسطینی شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کل جمعہ کے روز غرب اردن میں خصوصی نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسیران کے ساتھ یکجہتی کے لیے نماز جمعہ کا اہتمام فلسطینی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے کیا گیا۔ نماز جمعہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے وسط میں شہداء گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی نماز جمعہ کی امامت ممتاز عالم دین الشیخ احمد شوباش نے کی۔ انہوں نے فلسطینی عوام پر زور دیا کہ وہ دشمن کی قید میں موجود اپنی بہنوں اور بھائیوں کی رہائی کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھیں۔
نماز جمعہ کے بعد اسیران کی جلد رہائی اور فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اس موقع پر اسیران کے ساتھ یکجہتی کے لیے قائم قومی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عماد الدین اشتیوی نے کہا کہ اسرائیلی زندانوں میں قید تمام فلسطینی 17 اپریل کو ’یوم اسیران‘ کے موقع پر اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسیران جیلوں کے اندر اور باقی پوری فلسطینی قوم جیلوں سے باہر صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اسیران کے ساتھ یکجہتی پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ فلسطینی قوم کے تمام نمائندہ طبقات کو مل کر اسرائیلی زندانوں میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہوگا۔