قابض اسرائیلی فوج نے نابلس کے دوما قصبے پر دھاوا بول دیا اور اسرائیلی جیلوں میں قید کئی فلسطینی اسیران کے گھروں کی تلاشی لی۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجی چھ جیپوں میں سوار ہو کر قصبے میں داخل ہوئے اور انہوں نے اسیران ہشام دوابشہ، جعفر دوابشہ، لبیب دوابشہ اور علی دوابشہ کے گھروں پر دھاوا بول دیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج اس سے پہلے بھی ان اسیران کے گھروں پر دو مرتبہ چھاپہ مار چکی ہے اور ان کی حراست کو صرف تین ہفتے ہوئے ہیں۔ اس چھاپے سے پہلے لی جانیوالی تلاشیوں میں اسیران کے کمپیوٹرز اور موبائل فونز کو قبضے میں لے لیا گیا تھا۔
قابض حکام نے نابلس کے دیہات میں ایک حراستی مہم شروع کررکھی ہے اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ مہم یہودی آبادکاروں کی گاڑیوں پر پتھروں اور پٹرول بموں سے حملے کے نتیجے میں چلائی جارہی ہے۔ اس مہم کے دوران اسی مہینے کے شروع سے لے کر اب تک دوما کے دس نوجوان حراست میں لئے جاچکے ہیں۔
