بیت لحم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں کم سے کم پانچ فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزہن کیمپ پر دھاوا بولا اور وسیع پیمانے پر پکڑ دھکڑ کے ساتھ ساتھ شہریوں کو وحشیانہ تشدد کا نشایا جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں جبل مکبر کے مقام پر اسرائیلی فوج کے کریک ڈاؤن میں نو فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مزاحمتی حملوں کے الزام میں غرب اردن اور بیت المقدس سے 23 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے غرب اردن اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران نہتے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، توڑپھوڑ کی اور گھروں میں موجود نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کو علی الصباح صہیونی فوج نے بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ میں گھس کر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ اس دوران فلسطینی شہریوں نے صہیونی فوج کے خلاف مزاحمت کی اور قابض فوج پر سنگ باری کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں پانچ شہری زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والے تمام شہریوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایک زخمی کےسرمیں گہرا زخم آیا ہے جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
زخمیوں میں جنین کے مقامی فلسطینی ابراہیم رمضان کے دو بیٹے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ان کی گاڑیوں کی بھی توڑپھوڑ کی۔
صہیونی فورسز نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس اور الخلیل میں بھی گھر گھرتلاشی کی کارروائیوں کے دوران فلسطینی شہریوں کو زدو کوب کیا اور متعدد شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔