رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کوصہیونی انتظامیہ کی طرف سے زدو کوب کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے ‘ھداریم‘ جیل پردھاوا بولا اور کئی اسیران کو النقب جیل منتقل کردیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اسیران کی صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ھداریم کے 120 اسیران میں سے 100 اسیران بھوک ہڑتال میں شامل ہوچکے ہیں۔ 20 اسیران جو بھوک ہڑتال میں شامل نہیں ہوئے وہ بیمار ہیں۔اسرائیلی انتظامیہ نے بھوک ہڑتالی اسیران کی بڑی تعداد ھداریم جیل سے النقب جیل منتقل کردیا۔
خیال رہے کہ 17 اپریل سے اسرائیلی زندانوں میں 1500 فلسطینی اسیران نے آزادی اور حرکت کی جنگ‘ کے عنوان سے اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ آج بھوک ہڑتال کا آٹھواں روز جاری ہے اور بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی تعداد سولہ سو ہوچکی ہے۔
