بیت لحم (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں فوجیوں پر فائرنگ کرنے کے الزام میں ایک فلسطینی نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار کرلیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ ’بارڈر سیکیورٹی فورسز‘ نے مقامی وقت کے مطابق اڑھائی بجے دن بیت لحم میں ایک فلسطینی نوجوان کو اس وقت گرفتار کیا جب اس نے فوج کی ایک گشتی پارٹی پر فائرنگ کی۔ یہ گرفتاری بیت لحم میں الخضر کے مقام پر واقع چوکی کے قریب سے عمل میں لائی گئی۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا فلسطینی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ اس دوران فوج نے اس کا تعاقب کیا۔ وہ گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان سے ایک پستول اور چاقو بھی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ گرفتار فلسطینی کی عمر بیس سال ہے اور اس کا تعلق بیت ساحور سے ہے۔