نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک مقامی عدالت کی جانب سے زیرحراست فلسطینی نوجوان کی انتظامی حراست میں مزید چار ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 23 سالہ نصیر ابو ثابت کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے مشرقی قصبے بیت ابو دجن سے ہے۔اسیر کے اہل خانہ نے بتایا کہ اسرائیل کی عوفرنامی فوجی عدالت نے اپنے فیصلے میں ابو ثابت کی انتظامی حراست میں مزید چار ماہ کی توسیع کی ہے۔ اہل خانہ کا کہناہے کہ نصیر ابو ثابت کی انتظامی حراست میں توسیع کے حوالے سے انہیں ان کے وکیل کے ذریعے مطلع کیا گیا۔
خیال رہے کہ ابو ثابت کو اسرائیلی فوج نے چار ماہ قبل اس کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔ اس کے ایک دوسرے بھائی صہیب بھی اسرائیلی جیل میں قید کردیے گئے تھے۔ تاہم انہیں دو ماہ کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔
