فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اوچا کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں 23 اگست سے پانچ ستمبر تک کے اعدادو شمار جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر گولیوں کی برسات کے ساتھ ساتھ مکانات مسماری کا ظالمانہ سلسلہ بھی بدستور جاری و ساری ہے۔ پچھلے 14 ایام میں اسرائیلی فوج نے انہدامی کارروائیوں کے دوران 28 مکانات اور املاک مسمار کردیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال میں اب تک اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں 16 بچوں سمیت 62 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔
گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیلی فوج نے قبضے میں لیے گئے دو شہداء کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کیے جب کہ 12 شہداء کے جسد خاکی اب بھی صہیونی فوج کے قبضے میں ہیں۔
تازہ کارروائیوں میں دو بچوں اور ایک خاتون سمیت 66 فلسطینی زخمی ہوئے۔ جب کہ 239 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان میں سے 186 شہریوں کو چیک پوسٹوں سے گذرتے ہوئے تلاشی کے عمل کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔