غزہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں سوموارکے روزÂ اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے 60 مظاہرین کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید دو فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان مشرقی سرحد پر تصادم ہوا۔ اس موقع پر پرامن فلسطینی مظاہرین نے سرحد کی طرف بڑھنے کی کوشش کی جس پر صیہونی فوج نے مظاہرین پر فائرنگ اورآنسوگیس کی شیلنگ شروع کردی۔فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید دو فلسطینی شہید ہوئے۔ ان کی شناخت 51 سالہ ناصر غراب اور 18 سالہ بلال الاشرم کے ناموں سے کی گئی ہے۔ قابض فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 417 فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق 30 مارچ کے بعد سے فلسطین میں جاری تحریک حق واپسی کے دوران اسرائیلی فوج نے مجموعی طورپر 116 فلسطینی شہریوں کو شہید کر دیا ہے۔ ان میں 61 فلسطینی صرف پرسوں سوموار کو شہید کیے گئے جب کہ چھ ہفتوں کے دوران اسرائیلی فوج نے 12 ہزار فلسطینیوں کو زخمی کیا۔