اسرائیل کی زیر حراست پانچ ہزار کے لگ بھگ فلسطینی انتہائی کس مپرسی کی حالت میں ہیں۔ صہیونی انتظامیہ مختلف حربوں سے ان اسیران پر سختیاں ڈھاتی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کے خصوصی دستے نے عسقلان کی ایک جیل میں فلسطینی مریض اسیران کی بیرک پر حملہ کردیا۔
انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں اور وکلاء نے عسقلان جیل میں اسیران کے ساتھ برتے گئے ناروا سلوک کی تفصیلات بتائیں، اسیران سے ملاقات کرنے والے افراد نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے مریض اسیران کی بیرک میں گھس کر بیرک میں موجود چودہ اسیران کو برہنہ کرکے ان کی تلاشی لی۔
قیدیوں کے زیر استعمال تمام ضروری اشیا پر قبضہ کرلیا، صہیونی اہلکاروں نے دھاوا علی الصبح اس وقت بولا جب فلسطینی قیدی سو رہے تھے، صہیونیوں نے اسیران کو زبردستی جگا کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق فوجیوں نے روزہ دار اسیران کو روزہ کھولنے کی اشیاء سے بھی محروم کردیا۔ اسیران کے ساتھ بد سلوکی کا یہ پہلا واقعہ نہیں اسرائیلی فوج کا ایک خصوصی یونٹ آئے روز جیلوں میں فلسطینی اسیران کی ببرکوں میں گھس کر ان سے عریاں تفتیش کرتا رہتا ہے۔
