(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے بغیر کسی وجہ کے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے درمیان سامان کی آمد ورفت کے لیے استعمال کی جانے والی گذرگاہ ’’کرم ابو سالم‘‘ غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کرم ابو سالم گذرگاہ کے فلسطینی ڈائریکٹر منیر الغلبان نے بتایا کہ صہیونی حکام کی طرف سے انہیں اچانک یہ نوٹس ملا ہے کہ گذرگاہ کو بند کیا جا رہا ہے۔ گذرگاہ کی بندش کی وجہ اور اس کی مدت کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی انتظامیہ سے گذرگاہ کی بندش کے اسباب کے بارے میں رابطہ کیا گیا تھا مگر اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
خیال رہے کہ غزہ اور غرب اردن کےدرمیان کرم ابو سالم گذرگاہ مال بردار گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ سنہ 2007ء کے بعد سے غزہ کے جاری محاصرے کے دوران یہ گذرگاہ بیشتر وقت بند رہی ہے۔