(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج کی ریاستی دہشتگردی کل بھی جاری تھی اور آج بھی جاری ہے مگر قابض ریاست کے مظالم اور دہشتگردی فلسطینیوں کو مزاحمت سے باز نہیں رکھ سکتی۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے ریاستی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے گذشتہ روز 25 سالہ فلسطینی مزاحمت کار امیر عماد ابو خدیجہ کی صہیونی فورسز کےہاتھوں شہادت پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے شہید کے خاندان اور پوری قوم سے تعزیت کی ہے۔
حماس نے مقبوضہ غرب اردن کے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مزاحمت کاروں کے ہاتھ مضبوط کریں۔
حماس نے کہا کہ فسطائی قابض ریاست کا ہرسطح پر مقابلہ اور مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔ حماس نے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے غرب اردن میں مزاحمت کاروں کے خلاف اور اسرائیلی فوج کی معاونت کی پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں صہیونی فورسز کی وحشیانہ کارروائی کے دوران فلسطینی مزاحمتی تنظیم ریپڈ رسپانس گروپ، "طولکرم بریگیڈ”کے بانی رہنما 25 سالہ امیر عماد ابو خدیجہ شہید ہوگئے تھے جن کو اسرائیلی فورسز نے عزبہ شوفہ کے مقام پر گھر میں گھس کر گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ جام شہادت نوش کرگئے۔