(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی جنگی طیاروں نے غزہ کے وسط میں گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنایا ، دوسری جانب مزاحمت کار بھی کارروائیاں روکنے کو تیار نہیں۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج کی جانب سے فلسطین کے محصور شہر غزہ پر گذشتہ پانچ روز سے جاری وحشیانہ بمباری کا سلسلہ آج بھی جاری رہا، اسرائیلی جنگی طیاروں نے آج ہفتے کی صبح بھی غزہ میں مختلف مقامات پر میزائل داغے جس میں مزید 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ، صہیونی فوج کے تازہ حملے کے بعد زخمیوں کی تعداد 150 سے تجاوز کرگئی ہے جن میں اکثریت کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صہیونی فورسز نے 9 مئی کو رات گئے غزہ کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ شروع کیا تھا جس میں اب تک 6 بچے 5 خواتین اور 3 بزرگ شہریوں سمیت 33 فلسطینی شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔