(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) کولمبیا کے صدر نے غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے صیہونی ریاست کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاطینی امریکہ کے ملک کولمبیا نے بھی فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف غیر معمولی فیصلے کا اعلان کیا ہے ، کولمبین صدر نے فلسطین کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے سفارتی اقدامات کرتے ہوئے کولمبین حکام کو مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ میں سفارتخانہ کھولنے کا حکم دیا ہے۔
اس حوالے سے کولمبین صدر نے گزشتہ سال کولمبیا میں فلسطینی سفیر کو اپنے ارادے سے آگاہ کیا تھا جبکہ کولمبیا نے رواں ماہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بھی منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کولمبین صدر نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیا تھا اور اسرائیل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ غزہ پر وحشیانہ حملوں اور اس کے نتیجے میں 14 ہزار سے زائد بچوں 10 ہزار سے زائد خواتین سمیت 35 ہزار فلسطینیوں کی شہادت کے ردعمل میں لاطینی امریکہ کے ملک چلی، کولمبیا اور بولیویا نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کردیےہیں ، جبکہ گزشتہ روز اسپین، ناروے اور آئرلینڈ نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔