اسرائیلی جیل”ھشارون” میں زیرحراست فلسطینی خاتون اسیرہ ھناء شلبی کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں "مجد” جیل کے بیس اسیران نے گذشتہ گیارہ روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
اسرائیلی جیل مجد میں زیرحراست فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن احمد الحاج جو کہ گذشتہ نوماہ سے قید ہیں نے بتایا کہ گوکہ ان کی عمراب 75 سال سے زیادہ ہو چکی ہے تاہم پیرانہ سالی کے باوجود وہ ھناء شلبی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنے دیگر انیس ساتھیوں سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شیخ احمد الحاج کے وکیل جواد بولس نے بتایا کہ انہوں نے جمعرات کو "مجد” جیل میں اپنے موکل سے ملاقات کی۔ اس موقع پراحمد الحاج نے بتایا کہ بھوک ہڑتال کے باعث بعض قیدیوں کو جیل کی ڈسپنسری میں لایا گیا ہے۔ وہاں پرانہیں جیل حکام نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی بھی پوری کوشش کی۔ تاہم امراض قلب اور شوگر کے امراض کا شکار مریض بھی جیل میں ھناء شلبی کےساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بھوک ہڑتال جاری رکھنے پر مصر ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی اسیرہ ھناء شلبی کو اسرائیلی جیل میں بھوک ہڑتال شروع کیے ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گذر گیا ہے۔بغیر کسی الزام کے انتظامی حراست میں رکھی گئی فلسطینی نوجوان اسیرہ سے اظہار یکجہتی کے لیے دیگر فلسطینی اسیران بھی بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

