فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت تحریک فتح کے عسکری ونگ "شہدائے الاقصیٰ بریگیڈ” نے اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شہدائے اقصیٰ بریگیڈ کے ترجمان ابو علی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ غزہ کی پٹی میں تمام عسکری گروپ مل کرعسکری تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ کسی کو ایک دوسرے سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ شہدائے اقصیٰ بریگیڈ اور حماس کا عسکری ونگ القسام بریگیڈ مل کر کام کر رہے ہیں۔ دونوں میں غیرمعمولی تعاون جاری ہے اور بعض اوقات القسام بریگیڈ اپنی خدمات سے ہمیں مستفید بھی کرتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ حماس کی جانب سے غزہ کی پٹی میں عسکری تربیت اور صہیونی دشمن کے خلاف کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تمام مزاحمتی گروپوں کو تیار رہنے کے تمام مواقع مہیا کیے جاتے ہیں۔ شمالی غزہ کی پٹی میں صرف القسام ہی کے نہیں بلکہ شہدائے اقصیٰ، سرایا القدس، الناصر بریگیڈ، المجاھدین، القسام اور دیگر تمام گروپ مل کر کام کر رہے ہیں۔
ابو علی کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں حماس نے تمام عسکری گروپوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی خاطر ہر قسم کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ خاص طور پر القسام بریگیڈ اور الاقصیٰ بریگیڈ کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
