مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی موبائل فون کمپنی کی جانب سے "انتفاضہ یوتھ الائنس” کے تمام کارکنوں کی مختصر پیغام رسانی "شارٹ مسیجنگ سروس” کو بند کردیا گیا ہے۔ جبکہ دوسرے عام شہریوں کے موبائل نمبروں پر یہ سروس بدستور موجود ہے۔
انتفاضہ یوتھ الائنس کے ایک کارکن نےاپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرمرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ موبائل فون کمپنی کی جانب سے پہلے بھی ہمارے کئی ساتھیوں کے فون نمبروں پر ایس ایم ایس سروس بند کردی تھی جس کے بعد انہیں اپنے نمبر تبدیل کرنا پڑے تھے۔ اب ایک مرتبہ پھر کارکنوں کو ایسی ہی مشکل کا سامنا ہے اور مختصر تحریری پیغامات ارسال نہیں کیے جا سکتے ہیں۔
غزہ میں انتفاضہ یوتھ الائنس کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں موبائل فون کمپنی کا نام لیے بغیر کہا گیا ہے کہ سیلولر کمپنی کی جانب سے ہمارے کارکنوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا ہے۔ ایس ایم سروس کی بندش ایک ظالمانہ اور صہیونیت نوازی پر مبنی فیصلہ ہے۔ الائنس اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔